دیر بالا (بیورو چیف: ریاض ابوالخیل)
ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز کی زیرِ نگرانی دیر بالا کے مختلف حساس علاقوں میں دیر بالا پولیس، سیکیورٹی فورسز اور مقامی عوام کے تعاون سے مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ آپریشن میں ایلیٹ فورس، آر آر ایف (RRF)، سی ٹی ڈی (CTD)، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر نفاذِ قانون کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔حساس اور مشکل علاقوں کی سخت نگرانی کے لیے تھرمل آلات، ڈرون کیمروں اور بکتر بند گاڑیوں کی مدد لی جا رہی ہے۔
ڈی پی او اسلم نواز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مقامی غیور عوام کے تعاون کو سراہا۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک فرد یا غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر دیر بالا پولیس کنٹرول روم کے نمبر 0944880493 پر اطلاع دیں۔




