دیپالپور:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خاں نے دیپالپور کے دورے کے دوران نئے جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کے چیمبرز کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر دیپالپور بار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے ملک کی موجودہ سیاسی و عسکری صورتحال اور قومی سلامتی کے امور پر کھل کر خیالات کا اظہار کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا تقریب سے خطاب https://t.co/zQwK7V4dJf
— PMLN (@pmln_org) September 17, 2026
ملک محمد احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی، سیاسی استحکام، قانون کی حکمرانی اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کو یکساں اہمیت دینا ہوگی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، دیگر ریاستی اداروں اور پوری قوم کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کے افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دہشت گردی کی اس لہر میں عام شہریوں، طلبہ، نمازیوں اور وکلا سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی محض ایک سیکیورٹی چیلنج نہیں بلکہ یہ ملک کے امن و استحکام کا بنیادی مسئلہ ہے۔ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں امن و امان کے مسائل طویل عرصے سے درپیش ہیں، جن کے مستقل حل کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سیاسی استحکام اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔
بینچ اور بار کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں شعبے نظامِ انصاف کے بنیادی ستون ہیں اور ان کے باہمی تعاون ہی سے عوام کو بروقت اور سستا انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اداروں کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، کیونکہ مضبوط آئینی نظام، مؤثر انتظامیہ اور ذمہ دار جمہوری ادارے ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
تقریب میں اراکینِ اسمبلی افتخار حسین چھچھر، ملک علی عباس کھوکھر، نور الامین وٹو، سابق ایم این اے راؤ اجمل، ملک تیمور احمد خاں سمیت وکلا برادری اور علاقے کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

