دیر بالا ( رپورٹ: ریاض ابوالخیل)
ڈپٹی کمشنر و کمانڈنٹ دیر لیویز دیر بالا منظور احمد آفریدی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر واڑی ڈاکٹر فواد احمد خان نے ایس ڈی ایل او واڑی سمیع اللہ خان کے ہمراہ اخگرام کے انٹری پوائنٹ اور مختلف لیویز چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اخگرام انٹری پوائنٹ میں قائم ڈسٹرکٹ انٹری ڈیسک، ٹورسٹ فیسلیٹیشن سنٹر اور سیکیورٹی لیویز چیک پوسٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ علاقے میں آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جائیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے سب ڈویژن واڑی کی دیگر لیویز چیک پوسٹوں کا بھی دورہ کر کے مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ اہلکاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس فرض میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں مکمل ایمانداری، فرض شناسی اور مستعدی سے ادا کرنے کی سخت ہدایت کی۔



