سیالکوٹ (رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
پولیس وین کے ساتھ خود کو پولیس ملازم ظاہر کر کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی جعلی ٹک ٹاکر خاتون کو تھانہ مرادپور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ غفلت برتنے پر متعلقہ پولیس ڈرائیور کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔تھانہ مرادپور پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمہ مدیحہ دختر ملک لیاقت (سکنی محلہ کریم پورہ، دوبرجی آرائیاں سیالکوٹ) کو گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا کے برعکس اس خاتون کا اصل نام ہانیہ ملک نہیں ہے۔ ملزمہ نے خود کو پولیس ملازم ظاہر کرنے اور اس حیثیت کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی غرض سے تھانہ مرادپور کی سرکاری پولیس وین کے ساتھ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھی۔ واقعے میں غفلت اور لاپرواہی برتنے پر پولیس وین کے ڈرائیور کانسٹیبل تنزیل کو معطل کر کے چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے واضح کیا کہ پولیس کی شناخت کا غلط استعمال کر کے شہریوں کو گمراہ کرنے یا ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون شکنی اور محکمانہ غفلت پر بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


