سیالکوٹ (رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے چک منڈاہر میں اپنی 3 سالہ معصوم بیٹی کو فرش پر پٹخ کر قتل کرنے والے ملزم عدنان رشید کو پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) سیالکوٹ کے نوٹس لینے پر گرفتار کر لیا ہے۔ 11 ستمبر کو امریکہ سے آنے والے ملزم عدنان رشید نے گھریلو ناچاقی پر اپنی 3 سالہ بیٹی کو شدید طیش میں آکر فرش پر پٹخ دیا تھا، جس سے بچی کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔بچی کی والدہ کرن شہزادی کے مطابق معصوم بچی کو شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس نے پہلے بچی کی والدہ کی مدعیت میں ارادۂ قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، تاہم ہسپتال میں بچی کے انتقال کے بعد مقدمے کو قتل کی دفعات میں تبدیل کر دیا گیا۔ ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او نے مقدمے کی تفتیش تمام قانونی تقاضوں کے مطابق شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔


