لاہور: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری سکولوں میں براہ راست کلاسز لینے کا آغاز کردیا۔ صوبائی وزیر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لدھڑ میں پہلی کلاس لی اور طالبات کو تدریس کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔
رانا سکندر حیات نے میٹرک اور پانچویں جماعت کی کلاسز کو لیکچر دیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے طالبات کو انگریزی کا مضمون پڑھایا اور بعد ازاں ان کا امتحان بھی لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے سکول کے تعلیمی اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے 3 اضافی کلاس رومز اور ایک سٹیم لیب بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خاں صاحب گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لِدھر، لاہور میں بطور استاد انگلش پڑھاتے ہوئے؛ طلبہ کے ساتھ اس تعلیمی سفر کو براہِ راست دیکھیے۔ pic.twitter.com/RXCrrmxHc2— Malik Kashif Ali (@MalikSTF_NA134) September 15, 2026
رانا سکندر حیات نے طالبات کے لیے کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے والی بال، کرکٹ اور دیگر سپورٹس کٹس فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔
طالبات کی جانب سے مطالبے پر صوبائی وزیر تعلیم نے سکول میں فوری طور پر واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کو بنیادی سہولیات اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

