نواب شاہ:(بیورو رپورٹ نفیس آرائیں)
لونگ خان کیریو کی رہائشی رابعه دختر بلاول خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے اور اہلِ خانہ کو درپیش مبینہ جان کے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2017 میں محمد افضل کیریو سے شادی کے بعد محمد علم کیریو، صدام حسین اور دیگر افراد کی جانب سے انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر قتل، اغوا اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔رابعہ کے مطابق 2022 میں ان کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں خاندان کے 10 افراد زخمی ہوئے اور واقعے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ معاملہ طے ہونے کے بعد وہ پُرامن زندگی گزار رہے تھے، تاہم حالیہ دنوں میں مبینہ دھمکیوں اور گھر پر فائرنگ کے واقعات کے باعث پورا خاندان شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی شہید بینظیرآباد سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر انہیں اور اہلِ خانہ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور مبینہ دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف شفاف تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔


