بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ صوبے کا چہرہ ہے، شہر کی ترقی اور خوبصورتی پورے بلوچستان کی شناخت سے جڑی ہوئی ہے، حکومت کوئٹہ کو بہتر، خوبصورت اور جدید صوبائی دارالحکومت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات اور شہر کی خوبصورتی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 12 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، 7 منصوبوں پر کام جاری جبکہ 5 نئے منصوبے بھی تجویز کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نئے تجویز کردہ منصوبوں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ کوئٹہ کی ماضی کی خوبصورتی اور تاریخی شناخت کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ بنیادی شہری سہولیات، انفراسٹرکچر کی ترقی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کوئٹہ کو ایسا خوبصورت اور منظم شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے جہاں شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات میسر ہوں اور صوبائی دارالحکومت اپنی تاریخی و ثقافتی شناخت کے ساتھ ایک جدید شہر کے طور پر بھی نمایاں ہو۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایس ایم بی آر کمبر خان دشتی، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


