جیکب آباد (رپورٹ مجیب کھوسو):
جیکب آباد تھانہ گڑھی خیرو کی حدود میں کھوکھر لاڑو، شہدادکوٹ روڈ بائی پاس کے قریب پولیس اور مبینہ جرائم پیشہ افراد کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ 3 ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت بابو عرف عبد الکریم ولد ممتاز بروہی، سکنہ گاؤں محمد پناہ بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس ٹی ٹی پسٹل بھی برآمد کیا گیا ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے علاقے میں تعاقب، سرچ آپریشن اور مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف سال 2026 کے دوران مختلف تھانوں میں اقدام قتل، پولیس مزاحمت، ڈکیتی، مشتبہ اجتماع اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، جن میں تھانہ پنہوں بھٹی، تھانہ دوداپور، تھانہ گڑھی خیرو، تھانہ میرانپور بُریرو اور تھانہ تاجو ڈیرہ کے مقدمات شامل ہیں۔فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں جبکہ پولیس مقابلے کے واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔


