بازار میں رہائشی عمارتیں بھی ایک دوسرے سے بہت قریب بنی ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے فائر فائٹرس کے لیے آگ پر قابو پانا مشکل ہو گیا۔ اس آگ کی زد میں تقریباً 40 عمارتیں آ گئی تھیں۔
انڈونیشیا کے سنٹرل پاپوا علاقہ کے پانیائی واقع ایک بازار میں پیر کی علی الصبح خوفناک آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں کم از کم 11 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جن میں 6 بچے بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔ یہ آگ اس قدر تیزی کے ساتھ آس پاس کی دکانوں اور گھروں میں پھیلی کہ لوگوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ یہی وجہ ہے کہ کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں، جنھیں علاج کے لیے مقامی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں پولیس کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ فائر فائٹرس کی طرف سے فائر ٹرک اور واٹر کینن کے استعمال کے باوجود آگ تقریباً 3 گھنٹوں تک شدت کے ساتھ لہکتی رہی۔ خبر رساں ایجنسی ’سنہوا‘ کے مطابق مقامی پولیس ترجمان ہنری جے مانورُنگ نے بتایا کہ افسران کو جائے وقوع کی جانچ کے دوران ایسے کئی لوگ ملے جو بری طرح جھلس گئے تھے۔ انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ مہلوکین میں 5 بالغ افراد اور 6 بچے شامل ہیں۔ جاں بحق بچوں کی عمر 2 سے 9 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔

