روس کے شمالی قفقاز میں برفانی تودہ گرنے سے 11 کوہ پیماؤں کی موت اور 6 کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ خراب موسم اور دوبارہ تودہ گرنے کے خطرے سے امدادی کارروائیاں متاثر ہیں
ماسکو: روس کے شمالی قفقاز کے علاقے کباردینو بالکاریا میں ایک بڑے برفانی تودے کی زد میں آنے سے 11 کوہ پیماؤں کی موت ہوگئی، جبکہ 6 دیگر لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔ خراب موسم، دشوار گزار پہاڑی علاقے اور مزید برفانی تودے گرنے کے خطرے کے باعث تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
مقامی ہنگامی خدمات کے حوالے سے چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے پیر کو بتایا کہ حادثہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 5 بجے بیزنگی گھاٹی میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ 5,025 میٹر بلند ماؤنٹ مژیرگی سے ایک بڑا برفانی تودہ نیچے آیا اور 33 کوہ پیماؤں پر مشتمل ایک گروپ اس کی زد میں آگیا۔
روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ روانہ کیا گیا اور ایک ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر بھی تلاش اور بچاؤ کی کارروائی میں شامل ہوا۔ تین افراد کو بحفاظت نکال کر نالچک منتقل کیا گیا۔
ہنگامی خدمات کے مطابق پیر کی صبح 9 بجے تک 10 کوہ پیما خود پہاڑ سے نیچے اترنے میں کامیاب ہوگئے تھے، تاہم 6 افراد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی تھی۔ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش اور بچاؤ کا آپریشن شروع کیا گیا، جس میں 50 سے زیادہ ہنگامی کارکن حصہ لے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق دشوار گزار جغرافیائی حالات کے علاوہ دوبارہ برفانی تودہ گرنے کا خدشہ امدادی کارروائیوں میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ خراب موسم بھی امدادی ٹیموں کی نقل و حرکت اور فضائی کارروائیوں کو متاثر کر رہا ہے۔

