باغپت: اترپردیش کے باغپت میں ایسٹرن پیریفیرل ایکسپریس وے پر بڑا گاؤں ٹول کے پاس اتوار کی دیر رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ باگڑ دھام سے واپس لوٹ رہے عقیدت مندوں سے بھری پک اپ گاڑی کو ایک کینٹر (ٹرک) نے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں پک اپ ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ واقعے میں ایک بچی سمیت چھ عقیدت مندوں کی موت ہو گئی، جب کہ 25 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تمام عقیدت مند بدایوں کے رہنے والے ہیں۔
موقعے پر چیخ و پکار مچ گئی: جانکاری کے مطابق، بدایوں کے الہاپور گاؤں کے لوگ راجستھان میں واقع باگڑ دھام کے سفر پر گئے تھے۔ رات کو واپس لوٹتے وقت بڑا گاؤں کے پاس ای پی ای پر کینٹر نے ان کی پک اپ کو زوردار ٹکر ماری۔ ٹکر لگتے ہی پک اپ ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد زیادہ تر عقیدت مند گاڑی کے نیچے دب گئے اور موقعے پر چیخ و پکار مچ گئی۔
پک اپ میں کل 32 افراد سوار تھے: اطلاع ملتے ہی پہنچنے والی پولیس نے راہگیروں کی مدد سے پک اپ کے نیچے دبے لوگوں کو باہر نکالا۔ تاہم، تب تک ایک بچی سمیت چھ لوگوں کی موت ہو چکی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر سی ایچ سی کھیکڑا اور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ شدید زخمی ہونے والے کچھ لوگوں کو دہلی اور میرٹھ ریفر کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پک اپ میں کل 32 افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ اسمتا لال اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج کمار رائے ضلع اسپتال پہنچے۔

