جھڈو (رپورٹ / قیصر راجہ راجپوت)
یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر 1965ء کی جنگ میں وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت دفعدار محمد حسن قائم خانی شہید کی ازسرِنو تعمیر شدہ یادگار کا افتتاح جھڈو مین ناکہ پر ایک پروقار تقریب میں کیا گیا۔یادگار کی تعمیرِ نو پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کی کاوشوں سے چیئرمین جھڈو میر کامران تالپور اور ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے تعاون سے مکمل کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین میر کامران تالپور، وائس چیئرمین ظفر آرائیں، ٹاؤن آفیسر غلام نبی لغاری، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے عہدیداران، ممبران اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعدار محمد حسن قائم خانی شہید نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں وطن کے دفاع کے لیے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی قربانی قومی تاریخ کا روشن باب ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی لازوال قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ وطن کی سلامتی اور بقا شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، لہٰذا ان کی یاد کو زندہ رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہید کی یادگار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔


