جیکب آباد رپورٹ :مجیب کھوسو
جمعیت علماء اسلام، آبادگاروں اور کسانوں کی جانب سے بیگاری کینال میں پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا سلیم اللہ بروہی، مولانا عبدالوحید پندراڻي، مولانا اسد اللہ حیدری، عرفان علی لہر، مولانا محکم الدین، نعیم اللہ بروہی، جان محمد جمالی، مولانا حسین احمد جکراڻي، عبدالرزاق بنگلانی اور دیگر کی قیادت میں جامع مسجد گڑہی خیرو سے نکالا گیا۔جس میں بڑی تعداد میں شرکاء نے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے آبپاشی حکام کے خلاف نعرے بازی کی اور مدنی چوک پہنچ کر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بیگاری کینال میں پانی کی شدید قلت کے باعث تاجا شاخ، گل شاخ، کوٹری شاخ، کلچ شاخ اور سالار شاخ سمیت کئی شاخوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل خشک ہونے لگی ہے اور آبادگار شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادگار پورا سال محنت اور بھاری اخراجات کے بعد فصل تیار کرتے ہیں، لیکن پانی کی عدم فراہمی کے باعث ان کی فصل اور تمام سرمایہ کاری خطرے میں پڑ گئی ہے، جبکہ آبپاشی انتظامیہ صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بیگاری کینال میں فوری طور پر مطلوبہ مقدار میں پانی فراہم کرکے متاثرہ شاخوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے تاکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو تباہی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پانی کی قلت کا فوری ازالہ نہ کیا گیا تو جے یو آئی، آبادگار اور کسان احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔


