جیکب آباد (بیوروچیف)
میرانپور تھانے کی حدود میں گاؤں رکھیو رند کے قریب کاروکاری کے پرانے تنازع پر مسلح افراد نے بلوچستان جانے والے موٹرسائیکل سوار دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق برکت بتھیانی اور محمد جان بتھیانی موٹرسائیکل پر بلوچستان کی جانب جا رہے تھے کہ گاؤں رکھیو رند کے قریب مبینہ طور پر رند برادری سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے ان پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے باآسانی فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر میرانپور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتولین کی لاشیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کاروکاری کے پرانے تنازع کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


