صوابی (حق نوازخان)
صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقہ گنی کوٹ گدون میں سکول کی عمارت پر لینڈ سلائیڈنگ، بچے زخمی ، سکول کو نقصان گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول گنی کوٹ کی عمارت پر لینڈ سلائیڈنگ، 3 بچے معمولی زخمی گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول گنی کوٹ میں آج صبح اسمبلی کے بعد اچانک لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں تین بچے معمولی زخمی ہوئے جبکہ سکول کی عمارت کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
خوش قسمتی سے واقعے کے وقت تقریباً 90 فیصد بچے کلاس روم سے باہر موجود تھے، جس کی وجہ سے ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد گنی کوٹ گاؤں کی پی ٹی سی کمیٹی کے اراکین نے سکول کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام، محکمہ تعلیم اور ڈپٹی کمشنر صوابی سے رابطہ کیا، جس کے بعد بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر سکول میں چھٹی کر دی گئی۔
تشویشناک امر یہ ہے کہ رواں سال اسی سکول میں لینڈ سلائیڈنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ سکول کے قریب موجود ملبہ انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کر چکا ہے اور کسی بھی وقت مزید ملبہ باقی ماندہ عمارت پر گر سکتا ہے۔
📢 متعلقہ حکام سے اپیل ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، خطرناک ملبہ ہٹایا جائے اور سکول کی عمارت کا مکمل حفاظتی معائنہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

