صوابی ( حق نواز خان)
خیبرپختونخوا اکنامک زونز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہریار گل نے گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ شجرکاری مہم کے تحت صنعتی علاقے میں 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے، جس کا مقصد گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کو سرسبز، صاف اور ماحول دوست بنانا ہے۔اس موقع پر گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کے منیجر تنویر خان نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بریفنگ دی۔ انہوں نے صنعتی علاقے میں شجرکاری اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر شہریار گل نے مختلف صنعتی یونٹس کا دورہ کیا اور وہاں جاری پیداواری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے صنعتکاروں سے ملاقات بھی کی اور ماحول دوست اقدامات کے ساتھ ساتھ شجرکاری مہم میں صنعتکاروں کے تعاون کو سراہا۔اس موقع پر شہریار گل کا کہنا تھا کہ شجرکاری ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ صنعتی علاقوں کو جدید، صاف، سرسبز اور ماحول دوست خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت صنعتی زونز کو پائیدار اور ماحول دوست صنعتی مراکز بنانے کے لیے شجرکاری اور دیگر ماحولیاتی منصوبوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

