سکھر(ڈویزنل بیوروچیف سکھر نصیر لاشاری کی رپورٹ )
سود خور کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف پنو عاقل دادلوء کے گوٹھ پیر بخش ملک کے رہائشی محمد رفیق ملک نے اپنی معمر والدہ اللہ جوائی کے ہمراہ سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ ماہ قبل اس نے علاقے کے ایک شخص امیر کورائی سے 60ہزار روپے ادھار لیے جو میں نے واپس کردئیے تھے اب مزکورہ شخص مجھ سے ایک لاکھ نوے ہزار روپے سود مزید طلب کررہا ہے اور شکایات پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے گزشتہ روز اس نے اپنے دیگر ساتھیوں نے ہمراہ میرے گھر پر میری غیر موجودگی میں حملہ کیا اور میری والدہ اللہ جوائی کو تشدد کا نشانہ بنایا اہل علاقہ کی مداخلت پر جوابدار ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی مگر پولیس بااثر ہونے کی بناء پر جوابدار کے خلاف کاروائی کرنے سے گریز کررہی ہے متاثرہ شخص نے بالا حکام سے سود خور کی مبینہ زیادتیوں کا نوٹس لیکر انصاف و تحفظ فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

