مدھیہ پردیش میں مسلسل ہو رہی بارش کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ راج گڑھ ضلع میں اتوار کی رات سے جاری بارش کے سبب کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ضلع کے کئی قصبے اور شہر زیر آب آ گئے ہیں۔ سارنگپور بلاک کے پڑانا میں اتوار کی رات ایک خاندان ایکو کار میں سوار ہو کر نئے بائی پاس کے راستے دیواس ضلع کے ستواس سے سارنگپور کے کڑلاود جا رہا تھا۔ اس دوران بائی پاس پر بنے پل پر بارش کا پانی جمع تھا۔ باہر سے آئے ہوئے ڈرائیور کو پانی کی گہرائی اور پل کی صورتحال کا اندازہ نہیں ہو سکا۔ کار جیسے ہی پانی میں اتری، بے قابو ہو کر بہہ گئی۔ کار میں سوار 11 افراد میں سے 2 کسی طرح باہر نکل آئے جبکہ 4 بچوں سمیت 9 افراد اور کار کا اب تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
گاؤں والوں نے بتایا کہ بائی پاس کے پل پر پانی جمع تھا۔ اس دوران وہاں موجود لوگوں نے کار ڈرائیور کو پل کی جانب جانے سے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانا اور گاڑی کو آگے لے گیا۔ اس کے بعد پانی کے تیز بہاؤ میں ایکو کار بہہ گئی۔ فی الحال موقع پر ریسکیو ٹیم، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں موجود ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

