دیر بالا(بے نقاب بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
دسلوڑ گراؤنڈ پر فٹبال کے شاندار مقابلوں سے سجا دسلوڑ فٹبال ٹورنامنٹ تھرڈ ایڈیشن اختتام پذیر ہوگیا، جس کا ٹائٹل سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوات ایف سی نے اپنے نام کرلیا۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 16 ٹیموں نے شرکت کی اور کئی روز تک شائقینِ فٹبال کو بہترین اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ فائنل میچ کے موقع پر گراؤنڈ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا رہا، جبکہ کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب میں سابق ناظم جمیل خان، سابق یوسی ناظم سیف الاسلام، میاں محمد ہمایون ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ فٹبال انچارج سمیت دیگر معزز شخصیات اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ مہمانوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم سوات ایف سی کو شاندار کارکردگی پر ٹرافی اور 30 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور 15 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔
اس موقع پر میاں محمد ہمایون ایڈووکیٹ نے تمام مہمانوں، ٹیموں، منتظمین اور شائقینِ فٹبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، ان کی صلاحیتیں نکھارنے اور معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہیں۔مقررین نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے فاتح ٹیم سوات ایف سی کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ علاقے میں کھیلوں کے ایسے شاندار مقابلوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔دسلوڑ گراؤنڈ میں گونجتی تالیاں، نوجوانوں کا جوش اور فٹبال کا جنون اس بات کا خوبصورت پیغام تھا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں، وہاں نوجوانوں کے مستقبل بھی روشن ہوتے ہیں۔


