پونے: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پونے میں واقع بارامتی ایئرپورٹ پر اتوار کے روز ایک تربیتی (ٹرینر) طیارہ مشق کے دوران رن وے سے پھسل کر باہر نکل گیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں طیارے میں سوار کیپٹن اور کیڈٹ دونوں محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، البتہ طیارے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ طیارہ نجی پائلٹ ٹریننگ اکیڈمی ’کارور ایوی ایشن‘ (Carver Aviation) کا تھا۔ تربیتی پرواز کے دوران اس میں کیپٹن چراگ ششی کانت ڈوئیفوڈے اور کیڈٹ ابھیجیت جُندرے سوار تھے۔ پونے رورل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ سنگھ گل نے بتایا کہ بارامتی ایئر فیلڈ پر یہ واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب طیارہ صبح سے معمول کی تربیتی مشق میں مصروف تھا۔
بارامتی ایئرپورٹ پر اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے؛ اس سے قبل رواں سال 13 مئی کو بھی اسی ایئرپورٹ پر ایک ٹرینر طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں لینڈنگ سے قبل طیارہ کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گیا تھا۔

