اسلام آباد:حکومت نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے اور ان کے نمائندوں کو پیر کے روز اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل اور ٹول ٹیکس میں اضافے کے خلاف ملک گیر ہڑتال دوسرے روز میں داخل ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹروں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے ’جائز مطالبات‘ ترجیحی بنیادوں پر پورے کیے جائیں گے اور ان کے مسائل جلد حل کر دیے جائیں گے۔
حکومت سے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے ہفتے کو ہڑتال شروع کی جس سے ملک میں سامان کی ترسیل اور برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، کیوں کہ بندرگاہوں، کارخانوں اور منڈیوں کے درمیان سامان پہنچانے کے لیے پاکستان کا زیادہ انحصار سڑکوں کے ذریعے مال برداری پر ہے۔
ٹرانسپورٹروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا فیصلہ واپس لے اور اس کے بجائے قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیاد پر کرے۔
یادرہےامریکا اور ایران کے درمیان فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد توانائی کی عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے تیزی سے اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 دن بعد ردوبدل کا نظام ختم کرکے روزانہ قیمتیں مقرر کرنا شروع کر دی تھیں۔
گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال دوسرے روز میں داخل، حکومت نے مذاکرات کی دعوت دیدی

