خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے)
جشنِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے ضلع خوشاب اور ضلع بھکر کے درمیان ایک شاندار اور سنسنی خیز کبڈی میچ 14 اگست 2026ء بروز جمعہ کو منعقد ہوگا۔ میچ کے انعقاد کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جبکہ کھیلوں کے شائقین میں اس مقابلے کے حوالے سے بھرپور جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔چیف آرگنائزر لٹریری اینڈ سپورٹس ایکٹیوٹیز ضلع خوشاب ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ کے مطابق یہ دلچسپ کبڈی مقابلہ نورپور تھل میں منعقد کیا جائے گا، جس میں ضلع خوشاب اور ضلع بھکر کے بہترین کبڈی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ مقابلے کا مقصد جشنِ آزادی کی خوشیوں کو کھیلوں کے ذریعے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں، کھیلوں کے فروغ اور جذبۂ حب الوطنی کو پروان چڑھانا ہے۔
کبڈی میچ کے مہمانِ خصوصی معروف سماجی شخصیت ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ، ایم ڈی قیصر جنرل ہسپتال نورپور تھل ہوں گے۔ اس موقع پر دیگر معزز شخصیات، سماجی و سیاسی رہنماؤں، کھیلوں سے وابستہ افراد اور علاقے کے عمائدین کی بھی شرکت متوقع ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ جشنِ آزادی کے اس خصوصی کبڈی میچ کو یادگار بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔


