دبئی/پاکستان:مشہور پاکستانی ٹیکنالوجی انٹرپرینیور، کرپٹو ماہر اور لائیو لیوریج ٹریڈر وقار ذکا نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 3 ہزار سے زائد عالمی شرکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے معروف TradFi Competition کا عالمی سولو ٹریڈنگ ٹورنامنٹ جیت لیا ہے。 اس شاندار کامیابی پر انہیں دبئی میں 2026 ماڈل کی قیمتی اور لگژری مرسڈیز بینز جی ویگن (G-Wagon) انعام کے طور پر دی گئی ہے۔
اس عالمی مقابلے میں دنیا بھر کے 3 ہزار سے زائد ٹریڈرز نے اپنی ذاتی سرمایہ کاری کے ساتھ آن لائن حصہ لیا تھا۔ یہ مقابلہ صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں تھا بلکہ اس کے دائرہ کار میں اسٹاکس، سونا، چاندی، کموڈیٹیز اور کرپٹو کرنسی سمیت مختلف مالیاتی اثاثے شامل تھے۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں نہ کوئی ٹیمیں تھیں، نہ ریفرلز اور نہ ہی کوئی پروموشنل اہداف، بلکہ ہر شریک کی انفرادی ٹریڈنگ صلاحیت اور مجموعی منافع و نقصان کی بنیاد پر ان کی درجہ بندی کی گئی۔
ٹاپ تینوں پوزیشنز کے حامل ٹریڈرز نے 100 ہزار امریکی ڈالر کے سرمائے کے ساتھ اس مقابلے کا آغاز کیا تھا۔ وقار ذکا نے صرف 20 دن کے اس کڑے مقابلے کے دوران شاندار حکمت عملی اپناتے ہوئے 74 فیصد منافع حاصل کیا اور 74 ہزار امریکی ڈالر کما کر اپنے اکاؤنٹ کی کل مالیت کو 174 ہزار امریکی ڈالر تک پہنچا دیا۔
عالمی سطح پر پہلی پوزیشن اور پاکستانی اعزاز:
اس مسابقتی دوڑ میں جنوبی کوریا کے ٹریڈر نے 57 فیصد منافع کے ساتھ دوسری جبکہ چین کے ٹریڈر نے 35 فیصد منافع کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
واضح رہے کہ وقار ذکا گزشتہ سال بھی اسی نوعیت کے ایک بین الاقوامی ٹریڈنگ ٹورنامنٹ میں آٹھویں نمبر پر رہے تھے۔ رواں سال کے اس مقابلے کے آغاز میں وہ چوتھی پوزیشن پر موجود تھے، تاہم اپنی بہترین ٹریڈنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ آخرکار پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ وقار ذکا اس نوعیت کے بین الاقوامی ملٹی ایسٹ آن لائن ٹریڈنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ٹریڈر بن گئے ہیں۔
پاکستانی ٹریڈر وقار ذکا کا نیا ریکارڈ، عالمی ٹورنامنٹ جیت کر مرسیڈیز جی ویگن اپنے نام کی

