سانگھڑ رپورٹ اشفاق سلہری
سانگھڑ میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ماضی میں 2005، 2011، 2020، 2022 اور 2024 کے دوران آنے والے سیلابوں نے ضلع سانگھڑ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کی بڑی وجہ سیم نالوں اور ڈرینج سسٹم کی بروقت صفائی نہ ہونا بھی قرار دی جاتی رہی ہے۔حالیہ مون سون سیزن کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سائرا جاوید کی ہدایات پر مختلف علاقوں میں سیم نالوں کی صفائی کا عمل شروع کیا گیا، تاہم شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ڈرینج کی جانب سے کئی مقامات پر صرف ظاہری صفائی کرکے انتظامیہ اور عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ نالوں میں موجود گاد اور رکاوٹیں مکمل طور پر ختم نہیں کی گئیں۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر سیم نالوں اور نکاسیٔ آب کے نظام کی مکمل اور مؤثر صفائی نہ کی گئی تو شدید بارشوں کی صورت میں ایک بار پھر نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خطرہ موجود ہے۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرینج سسٹم کی ازسرِنو جانچ کروا کر ذمہ دار افسران سے جواب طلبی کی جائے اور نکاسیٔ آب کے مستقل اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

