لاہور:سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے رہنما مہر شہباز ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر تشریف لائے اور انہوں نے قاری اشتیاق اور مہر شہباز ایڈووکیٹ سے الحاج محمد نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران حمزہ شہباز شریف نے مرحوم الحاج محمد نواز کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
حمزہ شہباز نے مرحوم کی سماجی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور استقامت عطا فرمائے۔

