سانگھڑ اشفاق سلہری سے
سی آئی اے پولیس سانگھڑ نے ایس ایس پی سانگھڑ کی ہدایت پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے آنے والی مبینہ منشیات کی بھاری کھیپ پکڑ لی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق میرپورخاص روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک یارس کار کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں ملزمان عبدالقدیر بگٹی اور محمد شعیب بگٹی کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران گاڑی سے اداب اور سکون گٹکا کے 650 پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں مجموعی طور پر 65 ہزار پڑیاں موجود تھیں۔ پولیس نے استعمال ہونے والی یارس کار بھی اپنی تحویل میں لے لی۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی سی آئی اے انچارج زاہدحسین کمبوہ کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ منشیات کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیےمختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب سانگھڑ کے شہریوں نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو خوش آئند قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ نوجوان نسل کومنشیات سے محفوظ بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں۔

