مٹیاری سے عامر انڑ کی رپورٹ
بھٹ شاہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات میں ا ستعمال ہونے والے سامان سے بھرا ایک ٹرک پکڑ لیا اور دو مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر ٹنڈو آدم سے مٹیاری جانے والے ٹرک کی تلاشی کے دوران 155 بوریاں برآمد ہوئیں، جن میں منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مین پڑی اور چھالیا موجود تھی۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت بلاول پٹھان اور روز دین پٹھان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف انسدادِ منشیات کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے سامان کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک سے متعلق دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔

