چکوال ( مہتاب نصیر اعوان سے )
ضلع چکوال کے نواحی گاؤں تھنیل فتوحی میں ایک نجی فارم ہاؤس کے اندر قائم ڈیم میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو 1122 چکوال کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب تقریباً 20 فٹ گہرے چھوٹے ڈیم میں کام کے دوران 24 سالہ فہیم رضا ولد محمد رئیس اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث پانی میں جا گرا اور ڈوبنے لگا۔ اپنے ساتھی کی جان بچانے کی کوشش میں 27 سالہ قیصر عباس ولد غلام عباس نے بھی بغیر کسی تاخیر کے ڈیم میں چھلانگ لگا دی، تاہم بدقسمتی سے اسے تیراکی نہیں آتی تھی، جس کے باعث وہ بھی پانی کی گہرائی میں ڈوب گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 چکوال کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے فوری طور پر ایمبولینس اور ریسکیو وہیکل جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیں۔ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت فہیم رضا کو پانی سے باہر نکال چکے تھے، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران قیصر عباس کی لاش بھی ڈیم سے نکال لی۔ ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز نے دونوں نوجوانوں کو زندگی بچانے کے لیے موقع پر ہی سی پی آر ( سمیت تمام ممکنہ طبی امداد فراہم کی، تاہم دونوں کو بچایا نہ جا سکا اور انہیں موقع پر ہی جاں بحق قرار دے دیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق لواحقین کی خواہش پر دونوں جاں بحق افراد کی میتیں ہسپتال منتقل نہیں کی گئیں بلکہ ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

