لاہور ( ملک ظہیر کی رپورٹ )
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی کے بعد کیوآر پینک بٹن نصب نہ کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ، آن لائن ٹیکسیوں اور رکشوں کے خلاف کریک ڈان کیا جائے گا. سی ٹی او لاہور کے مطابق تمام رکشہ یونینز، آن لائن کیب سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو یکم جولائی تک کیوآر پینک بٹن نصب کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کی ٹیمیں خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں اور رکشوں کے لیے 12 الگ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔ مختلف رکشہ یونینز کی درخواست پر مزید چار نئے لائسنس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ مہم کے دوران اب تک 6 ہزار سے زائد رکشوں میں کیوآر پینک بٹن نصب کیا جا چکا ہے۔ کیوآر پینک بٹن حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس، رجسٹریشن بک اور ای چالان کلیرنس لازمی ہے۔ عوامی تحفظ کے لیے جدید سکیورٹی فیچرز اور سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ آن لائن ٹیکسی کمپنیوں اور رکشہ یونینز کے نمائندوں کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں، جبکہ حفاظتی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق جدید ٹریکنگ سسٹم کی مدد سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مثر ہوگی اور شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

