دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
بزرگ سیاستدان میاں سلطان یوسف پاچا، سابق ایم پی اے ملک حیات خان اور محمد اسماعیل روغانی کی قیادت میں تحصیل واڑی اور تحصیل لرجم کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر دیر بالا، منظور احمد آفریدی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران تحصیل واڑی میں تجاوزات، امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری تعمیراتی منصوبوں کے معائنے اور معیارِ تعمیر پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ نوجوان نسل میں بڑھتے ہوئے منشیات خصوصاً آئس نشے کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات پر بھی بحث ہوئی۔مشران نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے، امن و امان کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی کاموں کی شفاف نگرانی اور منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

