وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، جڑواں شہر راولپنڈی، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے متعدد اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں زلزلے کے نمایاں جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے ساتھ ہی فیصل آباد شہر اور اس کے گرد و نواح میں بھی زمین لرز اٹھی، دوسری جانب خیبر پختونخواہ کے اضلاع بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
زلزلہ اتنا شدید تھا کہ دفاتر اور گھروں میں موجود اشیاء ہل گئیں، جس کے فوراً بعد لوگ شدید خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنی جانیں بچانے کے لیے عمارتوں، گھروں اور دفاتر سے باہر کھلے میدانوں کی طرف بھاگ نکلے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے ملک کے مختلف حصوں میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں کی سائنسی تفصیلات اور اعداد و شمار جاری کردیئے اور بتایا کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا علاقہ تھا، زلزلہ آج سہ پہر آیا، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز پڑوسی ملک افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا، زمین کے اندر زلزلے کی گہرائی 215 کلومیٹر تھی۔

