کولکاتا :کولکاتا ایئرپورٹ پر جمعہ کی صبح ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب انڈیگو ایئرلائن کا ایک مسافر طیارہ آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا۔ خوش قسمتی سے طیارے میں سوار 140 سے زائد تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق انڈیگو کی پرواز 6E-6068 کولکاتا سے اگرتلہ روانہ ہونے کے لیے تیار تھی کہ شدید گرج چمک اور بارش کے دوران طیارے پر آسمانی بجلی آگری۔
واقعہ کے وقت جہاز میں 140 سے زائد افراد موجود تھے۔ رپورٹس کے مطابق بجلی گرنے کے فوراً بعد طیارے کا پاور سسٹم متاثر ہوا، جس کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر پرواز کو منسوخ کرتے ہوئے طیارے کو زمین پر ہی روک لیا گیا۔ اس واقعہ میں ایئرلائن کے دو زمینی عملے کے ارکان معمولی طور پر متاثر ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق دونوں افراد کی حالت اب خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔
انڈیگو ایئرلائن نے اگرچہ اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا اور بعد ازاں ایک دوسرے طیارے A321 کے ذریعہ اگرتلہ روانہ کیا گیا۔ اصل پرواز صبح 9 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہونا تھی لیکن حادثے کے بعد مسافروں کو دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر متبادل طیارے کے ذریعے منزل کی جانب بھیجا گیا۔

