ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈیرہ غازی خان میں واقع جھنگی چیک پوسٹ کا ہنگامی دورہ کیا ہے۔ دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران کو اہم احکامات جاری کیے۔
آئی جی پنجاب نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے جھنگی چیک پوسٹ حملے میں شہید ہونے والے بہادر اہلکاروں کے لواحقین سے گہری تعزیت کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے خاندانوں کو جلد از جلد ‘شہید پیکج’ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور وزیر اعلیٰ کے حکم کے مطابق انہیں گھر خرید کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے چیک پوسٹ پر تعینات عملے اور حملے میں زخمی ہونے والے بہادر جوانوں کو ان کی جرات کو سراہتے ہوئے نقد انعامات سے بھی نوازا۔
آئی جی پنجاب نے حملے میں متاثر ہونے والی چیک پوسٹ کی عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا اور فوری طور پر اس کی تعمیرِ نو اور بحالی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چیک پوسٹ کی عمارت، باؤنڈری وال اور مورچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید مضبوط بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر کی تمام چیک پوسٹوں پر سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "محفوظ پنجاب ویژن” پر کاربند ہے اور فتنہ الہند و فتنہ الخوارج جیسے عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ اس دورے کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، آر پی او ڈی جی خان، ڈی پی او ڈی جی خان، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔
پنجاب پولیس "فتنہ الخوارج” کے خلاف سیسہ پلائی دیوار؛ آئی جی پنجاب کا چیک پوسٹ پر پہنچ کر اہلکاروں کا مورال بلند کر دیا

