منچن آباد: (راشد ڈھڈی)
منچن آباد غلہ منڈی منچن آباد میں محکمہ فوڈ اور پیرا فورس کی جانب سے متعدد دکانیں سیل کیے جانے کے خلاف انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی منچن آباد نے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہےانجمن آڑھتیاں کے صدر ولی شیر اور جنرل سیکرٹری میاں محمد احمد وٹو نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیرا فورس کی حالیہ کارروائیوں پر تاجروں کو شدید تحفظات ہیں۔ ان کے مطابق کاروباری طبقے کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے جس کے باعث تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور غلہ منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہےرہنماؤں کا کہنا تھا کہ آڑھتی اور تاجر حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کے خواہاں ہیں، تاہم کاروباری معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے واضح اور قابلِ عمل پالیسی مرتب کی جانی چاہیے تاکہ قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں جنرل سیکرٹری میاں محمد احمد وٹو نے کہا کہ غلہ منڈیاں ملکی معیشت اور زرعی شعبے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے تاجروں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر تاجروں اور متعلقہ اداروں کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جائےدوسری جانب محکمہ فوڈ اور پیرا فورس کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

