لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم اور فارماسیوٹیکل سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور چیئرمین پی اے سی 2 سید علی حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری باہمی تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کے درمیان تجربات کا تبادلہ گڈ گورننس کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف کے اجرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ کلیدی شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی اعتماد کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور ہنگری پاکستان کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور تعلیمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں سپیکر پنجاب اسمبلی اور ہنگری کے سفیر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلے کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔

