جیکب آباد رپورٹ مجیب کھوسو
تھانہ صدر کی حدود شمبے شاہ لنک روڈ پر تھانہ صدر کی پولیس معمول کی گشت پر تھی کہ شمبے شاہ لنک روڈ پر مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت نیاز احمد ولد محمد عارف بروہی اور دوست محمد ولد محمد ابراہیم، ساکنان ڈھورو، کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جبکہ ان کے چھ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر کے تعاقب شروع کر دیا ہے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ماؤزر اور ایک ٹی ٹی پستول برآمد کر لی۔ زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم نیاز احمد بروہی کا مجرمانہ ریکارڈ سامنے آیا ہے، جس کے خلاف ڈکیتی، قتل، پولیس مقابلے، اسلحہ اور منشیات سے متعلق متعدد مقدمات درج ہیں۔ اسی طرح گرفتار ملزم دوست محمد کے خلاف بھی چوری، ڈکیتی اور پولیس مقابلے سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات ریکارڈ پر موجود ہیں۔

