پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے مالی سال 27-2026 کا دو ہزار 122 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کردیا، جس میں 48 ارب روپے خسارے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مالی سال 27-2026 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا 48 ارب روپے خسارے کا بجٹ ہے اور بجٹ کا مجموعی حجم 2 ہزار 122 ارب روپے رکھا گیا ہے، اخراجات کا تخمینہ 2 ہزار 170 ارب جبکہ آمدن کا تخمینہ 2 ہزار 122 ارب روپے ہے۔بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 524 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، موجود مالی سال میں 7952نئی آسامیاں تخلیق کی گئیں، 1100 اسکولوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کیا گیا، ضم اضلاع کے 10 ہزار طلبا و طالبات میں 9 ہزار روپے فی طالب علم کے حساب سے تقسیم کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں مالی سال بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کےلیے4.29 ارب روپے جاری کیے گئے جبکہ نئے بجٹ میں ضلعی حکومتوں کے لیے 52.8 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیے 29 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ضم شدہ اضلاع میں اے آئی پی کی مد میں 52 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔بیرونی امداد اور قرضوں کی مد میں 150 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت 5 ارب 18 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جاری اخراجات کے لیے 1 ہزار 645 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا کا 2ہزار122 ارب کابجٹ پیش کردیا

