سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی ایک بار پھر سات سمندر پار سے غیر ملکی گوری کو پاکستان کھینچ لائی۔ سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے علاقہ کا نوجوان امریکی خاتون کا دل جیت گیا، جس کے بعد امریکی دوشیزہ نے نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ پاکستانی نوجوان سے دھوم دھام سے نکاح بھی کر لیا ہے۔
محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اسی بات کو سچ کر دکھایا ہے امریکہ سے آئی 36 سالہ مورس ایشلے کی سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے علاقہ ‘کمال پور چشتیاں’کے 21 سالہ نوجوان کیف الوریٰ کے درمیان سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دوستی محبت میں بدل گئی اور امریکی خاتون اپنی محبت کو پانے کے لئے تمام تر فاصلے مٹا کر مذکورہ علاقہ میں پہنچ گئیں جبکہ مذکورہ علاقہ میں آمد پر شاہی جامع مسجد کے خطیب مفتی نعمان رشید نے مورس ایشلے کو کلمہ طیبہ پڑھا کر مسلمان کیا جس کے بعد موسم ایشلے کا نام بدل کر اس کا اسلامی نام ‘خدیجہ’ رکھا گیا۔ نو مسلم خاتون خدیجہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی بھی دباؤ کے بغیر اپنی دلی رضامندی سے اسلام قبول کیا ہے۔ مفتی نعمان رشید نے دونوں کا 2 ہزار امریکی ڈالر حق مہر مقرر کر کے انگریزی زبان میں نکاح پڑھایا۔ شادی کی تقریب میں دولہے کے رشتہ داروں اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

