حیدرآباد (رپورٹ :دلدار علی بلال )قاسم آباد تھانے کی حدود میں واقع گوٹھ مسرور جتوئی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں رہائشی گلشیر جتوئی نے الزام عائد کیا ہے کہ زاہد جتوئی، مشتاق جتوئی، غفار جتوئی اور دو نامعلوم مسلح افراد نے ان کے گھر پر فائرنگ کی۔متاثرہ شخص گلشیر جتوئی کے مطابق اس سے قبل بھی انہی افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی، جس دوران ایک ملزم کو مبینہ طور پر پستول سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا، تاہم پولیس نے بعد ازاں اسے رہا کر دیا۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ آج دوبارہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، لیکن قاسم آباد پولیس نے نہ تو کوئی کارروائی کی اور نہ ہی ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ خاندان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں اپنی جان کا شدید خطرہ لاحق ہے۔متاثرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں انصاف اور تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ ایس ایس پی حیدرآباد آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔گلشیر جتوئی نے حیدرآباد پولیس کے ایس ایس پی اور ڈی آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، انہیں گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
قاسم آباد تھانے کی حدود گوٹھ مسرور جتوئی میں فائرنگ، متاثرہ خاندان کا انصاف کا مطالبہ

