ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی میزائل حملوں میں 7 فوجی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکہ نے نئے حملوں کی تصدیق کی جبکہ ایران نے جنگ بندی سے متعلق معاہدے کے خاتمے کا اعلان کر دیا
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے بمپور میں واقع ایک فوجی اڈے کے رہائشی حصے پر امریکی میزائل حملے میں 7 فوجیوں کی شہادت ہوئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایرانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے کے مطابق بدھ کی صبح امریکی افواج نے فوجی بیرک کے رہائشی علاقے کو تقریباً 13 میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے، ’’شہید ہونے والوں کا تعلق ایران شہر میں تعینات 388ویں بریگیڈ سے تھا، جن میں مستقل خدمات انجام دینے والے فوجیوں کے ساتھ لازمی فوجی خدمت انجام دینے والے اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمی فوجیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔‘‘
اس سے قبل ایرانی ذرائع ابلاغ نے بمپور سمیت خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے قریب واقع کئی ساحلی علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات دی تھیں۔ امریکی حملوں کے بعد علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، تاہم ایرانی فوج کے اس دعوے پر امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمان نے اپنے بیان میں ایران کے خلاف نئے حملوں کی تصدیق کی ہے۔ امریکی فوج کے مطابق ایرانی مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے کیے گئے ان حملوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا تھا جنہیں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اردن، بحرین اور کویت میں واقع امریکی اڈے ایرانی کارروائیوں کی زد میں آئے ہیں۔ اسی دوران امریکہ نے ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں کے قریب بحری ناکہ بندی کی کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ ایران نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کو باضابطہ شکل دینے والے اسلام آباد معاہدے کی اب کوئی حیثیت باقی نہیں رہی اور اسے ختم تصور کیا جائے گا۔