ممبئی: مشہور او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’پرائم ویڈیو‘ نے اپنی نئی اور طاقتور اوریجنل فلم ’سسٹم‘ کا ٹریلر جاری کر دیا ہے، جو نظامِ عدل اور طاقت کے نشے میں دھت معاشرے کی تلخ حقیقتوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ اشونی ایر تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 22 مئی کو دنیا بھر کے 240 سے زائد ممالک میں خصوصی طور پر پیش کی جائے گی۔
فلم کی کہانی ایک پرعزم نوجوان وکیل نیہا (سوناکشی سنہا) کے گرد گھومتی ہے، جسے اپنی ہی والد (آشوتوش گواریکر) کی لاء فرم میں شراکت دار بننے کے لیے خود کو ثابت کرنے کا مشکل ترین چیلنج درپیش ہے۔
اپنے مقصد کے حصول کے لیے نیہا کا سامنا ایک ایسی دنیا سے ہوتا ہے جہاں سچائی کی جگہ اثر و رسوخ بولتا ہے۔ اس سفر میں اسے ساریکا (جیوتھیکا) کا ساتھ ملتا ہے، جو ایک ذہین کورٹ روم اسٹینوگرافر ہے مگر اس کی اپنی زندگی کے کچھ پوشیدہ مقاصد ہیں جو کہانی میں تجسس پیدا کرتے ہیں۔
ٹریلر میں کورٹ روم کے ہنگامہ خیز مناظر، جذباتی اتار چڑھاؤ اور الجھے ہوئے انسانی رشتوں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ فلم کا ایک مکالمہ "دولت کے شور کے درمیان، غریبوں کی آواز گم ہو جاتی ہے” سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جو براہ راست اس نظام پر سوال اٹھاتا ہے جہاں انصاف بکاؤ مال بن چکا ہو۔
مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا نے فلم کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"نیہا کا کردار ادا کرنا میرے لیے ایک خاص تجربہ تھا۔ میں ہمیشہ ایسی کہانیوں کی تلاش میں رہتی ہوں جو مجھے بطور اداکارہ چیلنج کریں۔ ’سسٹم‘ محض ایک کورٹ روم ڈرامہ نہیں بلکہ یہ ہمارے موجودہ معاشرے کا آئینہ ہے۔”
اس فلم کو پمی باویجا، ہرمن باویجا اور سمیتا بالیگا نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ لکھاریوں میں ہرمن باویجا، ارون سوکمار اور اشونی ایر تیواری سمیت دیگر ماہرین شامل ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں سوناکشی سنہا، جیوتھیکا اور آشوتوش گواریکر کے ساتھ ساتھ پریتی اگروال، آدیناتھ کوٹھارے اور گورو پانڈے جیسے منجھے ہوئے فنکار اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
کیا نیہا اس کرپٹ نظام کے سامنے ڈٹ سکے گی؟ کیا سچائی کی جیت ہوگی یا طاقت جیت جائے گی؟ ان تمام سوالوں کے جواب 22 مئی کو پرائم ویڈیو پر ملیں گے۔
پیسوں کی جھنکار میں انصاف کی تلاش: سوناکشی سنہا کی کورٹ روم تھرلر ’سسٹم‘ کا ٹریلر ریلیز

