سیالکوٹ (بیورو رپورٹ – سلیم احمد اعوان شیخو)
تھانہ سمبڑیال کے علاقہ آدم کے چیمہ میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران نرس کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے کا مرکزی ملزم زین اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق آدم کے چیمہ میں ایک نرس کو اغواء کر کے زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس پر بروقت ردعمل دیتے ہوئے علاقہ مکینوں نے فوری مداخلت کی اور نرس کو بحفاظت بازیاب کرواتے ہوئے ملزم زین کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس ملزم کو مزید تفتیش اور ریکوری کے لیے آدم کے چیمہ لے جا رہی تھی کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے سے قبل ہی ملزم کے نامعلوم مسلح ساتھیوں نے اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ سلسلہ کچھ دیر جاری رہا، اس دوران حملہ آوروں کی اپنی ہی فائرنگ کی زد میں آ کر حراست میں موجود ملزم زین شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مفرور ملزموں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



