نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
ایس ایس پی شہید بینظیر آباد ڈاکٹر سمیر نور چنہ کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے مختلف کامیاب کارروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کر دیا، جبکہ سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ دوڑ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد اصل مالکان قاری ارشد سعیدی اور شاکر حسین اعوان کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر مالکان نے بروقت کارروائی پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ اور پولیس ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔دریں اثناء تھانہ تعلقہ نوابشاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ سولر پلیٹ اور بیٹری برآمد کرکے اصل مالک نثار احمد بھٹی کے سپرد کر دی۔ متاثرہ شہری نے ضلع پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ادھر قاضی احمد پولیس نے بھی تین مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پولیس نے چند روز قبل چوری ہونے والا واٹر پمپ برآمد کرکے اصل مالک نوید علی بروہی کے حوالے کیا، جبکہ ایک اور کارروائی میں دو عدد چھت کے پنکھے اور ایک پانی کی موٹر بھی برآمد کرکے مالکان کے سپرد کی گئی۔مزید برآں، پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک ملزم چاکر رند کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کو متعدد وارداتوں میں مطلوب ہونے کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی تلاش تھی، جس کی گرفتاری کو اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

