پشاور
( شاھد زمان یوسفزئی )
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے تیراہ متاثرین کے دھرنے پر پولیس کی جانب سے وحشیانہ آنسو گیس شیلنگ اور طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے گھروں میں واپسی اور امن کے مطالبے کے لیے احتجاج کرنے والے نہتے متاثرین پر شیلنگ ظلم ,ناانصافی اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔حکومت تیراہ متاثرین کے ساتھ کیے گئے وعدے فوری طور پر پورے کرے، متاثرین کو ان کے گھروں میں واپس بھیجے، ضم اضلاع میں قیامِ امن کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے اور طاقت کے استعمال کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے۔
تیراہ متاثرین نے آج پشاور میں اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنا دیا، جس میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے شرکاء سےخطاب کرتے ہوئےکہا کہ حکومت نے تیراہ کے 24 رکنی جرگے کے ساتھ 35 نکات پر مشتمل معاہدہ کیا تھا اور وعدہ کیا گیا تھا کہ 10 اپریل تک متاثرین کی اپنے علاقوں میں واپسی یقینی بنائی جائے گی، مگر افسوس کہ آج تک اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے متاثرہ عوام احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔
حکومت متاثرین پر شیلنگ کرنے کے بجائے فوری طور پر ان کی باعزت واپسی کا انتظام کرے اور متاثرہ علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھائے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ان کا اعتماد بحال
کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

