لاس اینجلس/ میڈرڈ :دنیا بھر میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑنے والی نیٹ فلکس سیریز ’لا کاسا دی پاپیل‘ یعنی ’منی ہائسٹ‘ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ شائقین کے لیے حیرت کا جھٹکا اس وقت سامنے آیا جب نیٹ فلکس کے تازہ ٹیزر میں یہ معنی خیز جملہ نمودار ہوا: ’انقلاب کبھی ختم نہیں ہوتا‘۔ اس ایک جملے نے مداحوں کے تجسس کو آگ لگا دی ہے کہ کیا پروفیسر اور اس کی ٹیم ایک بار پھر کسی بڑے مشن پر نکلنے والی ہے؟
سوشل میڈیا پر جاری بحث کے مطابق، اصل کہانی کی ٹائم لائن مئی 2026 تک پہنچتی ہے، اور اسی دوران نیٹ فلکس کی جانب سے نئے ٹیزر کا جاری ہونا محض اتفاق نہیں سمجھا جا رہا۔ ٹیزر کے اختتام پر دکھائی گئی ایک ‘خفیہ سونے کی اینٹ’ نے ان قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے کہ شاید بینک آف اسپین کی ڈکیتی کے بعد بھی کوئی ایسا راز باقی ہے جسے ابھی سامنے آنا ہے۔
اگرچہ نیٹ فلکس نے ابھی تک باضابطہ طور پر ’سیزن 6‘ کا اعلان نہیں کیا، لیکن پلیٹ فارم نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس کائنات (Universe) کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کمپنی ’نیکسٹ فیز‘ پر کام کر رہی ہے جس میں نئی کہانیاں، ڈیجیٹل کرنسی، عالمی سیاست اور جدید مالیاتی نظام کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
مداحوں کے لیے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ’برلن سیزن 2‘ (برلن اینڈ دی لیڈی ود این ایرمن) 15 مئی 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز کر دیا جائے گا۔ اس سیریز میں پیڈرو الونسو ایک بار پھر اپنے سحر انگیز کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ ان کے ساتھ مشیل جینر اور ٹرسٹان اُلووا بھی ایک نئی اور خطرناک ڈکیتی کا حصہ بنیں گے۔
عالمی سطح پر مداحوں کا مطالبہ ہے کہ اگر کہانی کا براہِ راست تسلسل بنایا جائے تو الوارو مورٹے کو ایک بار پھر ’پروفیسر‘ کے روپ میں لایا جائے۔ رپورٹس کے مطابق پروڈکشن ٹیم اب اسپین سے باہر نکل کر عالمی سطح پر بڑے مالیاتی صدمات اور انتقامی پہلوؤں پر مبنی کہانیوں پر غور کر رہی ہے۔
فی الحال ’منی ہائسٹ‘ کی دنیا ابھی ختم نہیں ہوئی، بلکہ تازہ ٹیزر نے ثابت کر دیا ہے کہ سرخ لباس اور نقاب پوشوں کی واپسی کا وقت قریب ہے۔
’دی ریولوشن نیور اینڈز‘: کیا پروفیسر کی واپسی ہونے والی ہے؟ ’منی ہائسٹ‘ کے نئے ٹیزر نے دنیا بھر میں کھلبلی مچا دی!

