سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے سیکرٹری حق نواز ہنجرا کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ و سول کورٹس،فیملی کورٹس سمیت تمام کورٹس میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حق نواز ہنجرا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے واضح پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر اجازت کسی بھی صحافی کو کسی بھی عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
چند روز قبل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ٹریفک گوجرانولہ ملک ذیشان کی جانب سے سیکرٹری بار حق نواز ہنجرا سمیت 3 افراد کے خلاف ایک مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔اس مقدمہ کے اندراج کے بعد ماحول کو کشیدہ بنا دیا گیا ہے۔ اب صورت حال یہ ہے کہ تین اہم طبقات پولیس، وکلاء اور صحافی آمنے سامنے آ چکے ہیں۔
کچھ حلقے سوال اٹھا رہے ہیں کہ امن و امان کیسے متاثر ہو سکتا ہے مگر موجودہ حالات اس خدشے کو تقویت دے رہے ہیں۔ اگر عدالتی نظام میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں تو اس کے اثرات پورے ملک پر پڑ سکتے ہیں۔
ایسے نازک حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام متعلقہ فریقین تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔ بہتر یہی ہے کہ اعلیٰ سطح پر بیٹھ کر اس معاملے کا پر امن اور مؤثر حل نکالا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچا جا سکے۔
