اسلام آباد:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں ایک فیصد یا 100 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کردیا۔
اسٹیٹ بینک نے پیر کو سال 2026 کے اپنے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں پالیسی ریٹ کو 100 بیسس پوائنٹس بڑھا کر 11.50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اپنے بیان میں نوٹ کیا کہ مشرقِ وسطیٰ کے طویل تنازع نے میکرو اکنامک آؤٹ لک کے لیے خطرات کو مزید شدید کر دیا ہے۔ خاص طور پر عالمی سطح پر توانائی کی قیمتیں، مال برداری کے اخراجات اور انشورنس پریمیم تنازع سے پہلے کی سطح سے نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔ مزید برآں سپلائی چین میں تعطل نے بے یقینی کی صورتحال کو بڑھا دیا ہے۔ کمیٹی کا اندازہ ہے کہ ان عالمی تبدیلیوں کے اثرات آنے والے وقت میں اہم معاشی اشاریوں پر ظاہر ہوں گے اور اگلی چند سہ ماہیوں کے دوران مہنگائی ہدف کی حد سے اوپر رہے گی۔ اسی بنیاد پر کمیٹی نے قیمتوں میں استحکام کی خاطر سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنا ضروری سمجھا۔

