لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے معروف لبرٹی چوک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عام شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے موٹرسائیکل سواروں کی حفاظت کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک موٹرسائیکل سوار کو روک کر اسے بائیک پر سیفٹی راڈ نصب کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت شہریوں کی زندگیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "بسنت پر موٹرسائیکل چلانے پر کوئی پابندی نہیں ہے، لیکن اگر بائیک پر حفاظتی راڈ نہ لگا ہوا تو اسے فوری طور پر بند کر دیا جائے گا۔”
مریم نواز نے شہری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات آپ کی اپنی جان کی حفاظت کے لیے ہیں، تاکہ ڈور پھرنے جیسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔”مجھے آپ کی پروا ہے“۔
شہریوں کا وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ اظہار مسرت
وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر لبرٹی چوک پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
منصوبوں کو سراہا گیا: شہریوں نے پنجاب حکومت کے حالیہ عوامی منصوبوں، خاص طور پر سڑکوں کی تعمیر اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے مریم نواز کی کارکردگی کی تعریف کی۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ کے اس انداز کو پسند کیا کہ وہ خود فیلڈ میں نکل کر لوگوں سے براہِ راست رابطہ کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے موقع پر موجود حکام کو ہدایت کی کہ حفاظتی راڈ کی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی موٹرسائیکل حفاظتی انتظامات کے بغیر شاہراہوں پر نظر نہ آئے۔

