لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 32واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی تاریخ کے بڑے انقلابی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کسانوں، نوجوانوں، مسافروں اور عام آدمی کے لیے ترقی کا نیا روڈ میپ پیش کیا گیا، جس کا مقصد حکومتی سہولیات کو بڑے شہروں سے نکال کر تحصیل اور گاؤں کی سطح تک پہنچانا ہے۔
زرعی انقلاب: ”اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام“
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزارعوں اور بے زمین کسانوں کے لیے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام کی منظوری دے دی۔
پنجاب کی زرعی سرکاری اراضی اب اشرافیہ کے بجائے غریب کسانوں کو دی جائے گی۔
50 ہزار افراد کو کاشت کے لیے سرکاری زمین دے کر انہیں مالکانہ حقوق دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری زمین کی کسانوں کو منتقلی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع
کابینہ نے اگلے دو سالوں میں ایک ملین (10 لاکھ) نوکریاں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف محکموں میں سینکڑوں آسامیوں کی منظوری دی گئی:
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ: 1000 نئی آسامیاں۔
مری ٹورازم پولیس: 980 نئی آسامیاں۔
ایکسائز اینڈ نارکوٹکس: 216 کانسٹیبلز کی بھرتی۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹی ڈی سی پی (TDCP) اور دیگر محکموں میں بھی نئی بھرتیوں اور پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔
ٹرانسپورٹ میں تبدیلی: الیکٹرک بسیں اور کیش لیس سسٹم
پنجاب میں سفری سہولیات کو جدید بنانے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے:
اضلاع کے بعد اب تحصیل کی سطح پر بھی ایک ہزار گرین (الیکٹرک) بسیں چلائی جائیں گی۔
25 مارچ سے بسوں میں ’کیش لیس‘ ادائیگی کا نظام (ٹی کیش اور بینک کارڈ) نافذ ہوگا۔
کیش کی صورت میں مسافروں کو زائد کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔
16 سے 18 سال کے نوجوانوں کے لیے ڈرائیونگ پرمٹ کے حصول کے لیے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری۔
صحت، تعلیم اور انتظامی اصلاحات
گوجر خان: پنجاب یونیورسٹی کے پوٹھوہار کیمپس کے قیام کی منظوری۔
میڈیکل یونیورسٹیز: وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے نئے قواعد و ضوابط منظور۔
الاؤنس میں اضافہ: پیرا ویٹرنری فیلڈ اسٹاف کا ٹریولنگ الاؤنس 2 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپے کر دیا گیا۔
سکول مینجمنٹ کونسل پالیسی میں ترامیم اور اوقاف ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر ایگریکلچر کی آسامی کی منظوری۔
امن و امان اور سکیورٹی
کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن کے نتیجے میں 141 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ تھرمل ڈرونز اور جدید کیمروں کی مدد سے سندھ سے اغوا کیے گئے مغویوں کی بازیابی کو ممکن بنایا گیا ہے۔
ثقافت، سیاحت اور دیگر اہم فیصلے
ہارس اینڈ کیٹل شو: پنجاب کی ثقافت اور لائیو اسٹاک کے فروغ کے لیے ہر ضلع میں یہ شو منعقد کرانے کا حکم۔
سیاحت: مری کے علاوہ صوبے میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کرانے کی ہدایت۔
وزیر سی اینڈ ڈبلیو صہیب احمد کوشاباش کیوں ملی؟
مری میں برفباری کے دوران بہترین کارکردگی پر خاتون ایکسین، صوبائی وزیر ملک صہیب احمد اور ان کی ٹیم کو شاباش دی گئی۔ جبکہ مانیٹرنگ کے حوالے سے معاون خصوصی شعیب مرزا کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ "ہم پنجاب کے ہر شہری کو اس کا حق دے رہے ہیں، اب ہر سہولت شہروں سے نکل کر تحصیلوں اور گاؤں تک پہنچ رہی ہے۔

